سلیکشن کمیٹی، صلاح مشورے سے عاری
کھیل کوئی بھی ہو کھلاڑیوں کی سلیکشن سب سے مشکل اور کٹھن کام ہوتا ہے اور اگر یہ کام پاکستان جیسے ملک جہاں میرٹ کی بجائے کوٹہ سسٹم کے ساتھ ساتھ مختلف لابیاں بھی سرگرم ہوں تو یہ مرحلہ مزید مشکل ہوجاتا ہے ۔کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے اس لئے یہ خبروں میں بھی زیادہ رہتاہے۔پاکستان کر کٹ میں شائقین کی سب سے زیادہ توجہ قومی سلیکشن کمیٹی پر مرکوز ہوتی ہے ۔پاکستان کر کٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے کوئی بھی فیصلہ کیا جائے اس کی اپنی ایک اہمیت ہوتی ہے ۔اس برس ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی کر کٹ ٹیم کی بد ترین کارکردگی کے بعدپی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں کرتے ہوئے انضمام الحق کی سربراہی میں چار رکنی قومی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی اور اس کمیٹی کا پہلا امتحان دورہ انگلینڈ تھا جہاں گرین شرٹس نے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کار کردگی دکھائی مگر ون ڈے سیریزمیں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم نے تینوں فارمیٹس میں کامیابی حاصل کی ۔ موجودہ قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تو...